Start of Main Content

لوئیس گرونر گینز

لوئیس گرونر گینز کے تعصب کے ساتھ تجربات نے وکیل اور جج کی حیثیت سے ان کے کام کو متاثر کیا ہے، اور یہ تجربات انہيں یاد دلاتے ہیں کہ قانون کے انسانی پہلو کو سامنے رکھا جائے۔

Transcript

لوئیس گرونر گینز: انسان قدرتی طور پر اچھے نہیں ہوتے ہیں اور نہ ہی قدرتی طور پر برے۔ یہ دونوں کا امتزاج ہيں. اور خیال یہ ہے کہ برے حصے کو محدود کرنے کی کوشش کی جائے۔ اور کچھ حد تک قانون، اور خاص طور پر ہمارا قانون، ایسا کرتا ہے۔ اور یہ اچھی بات ہے۔

الیسا فشمین: لوئیس گرونر گینز ہولوکاسٹ کے دوران زندہ بچ گئی تھیں اور نیو یارک سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ جسٹس بھی ہيں۔ تعصب کے بارے میں اُن کے تجربے نے ایک وکیل اور ایک جج کے حیثیت سے ان کے کام کے ساتھ ساتھ، ہمارے قانونی نظام کو اس چیز سے محفوظ رکھنے کی اہمیت کے متعلق ان کے تاثرات کو متاثر کیا ہے، جنہيں یہ "ظالمانہ نفرت" کا نام دیتی ہيں۔ جج گینز کے تجربات انہيں قانون پر انسانی تناظر برقرار رکھنے کی یاد دلاتے رہتے ہيں۔

سام دشمنی کے خلاف آوازیں میں خوش آمدید۔ یہ یونائیٹڈ اسٹیٹس ھولوکاسٹ میوزیم کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پوڈ کاسٹ سیریز ہے جو اولیور اور ایلزبیتھ اسٹینٹن فاؤنڈیشن کی بھرپور حمایت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ میں آپ کی میزبان، الیسا فشمین ہوں۔ ہر مہینے ہم ان مختلف طریقوں پر روشنی ڈالنے کے لئے ایک مہمان کو دعوت دیتے ہیں جو ہماری دنیا پر اثر انداز ہونے والی سام دشمنی اورنفرت کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ ہیں ہولوکاسٹ سے زندہ بچ جانے والی خاتون اور ریٹائرڈ جج لوئس گرونر گینز۔

لوئیس گرونر گینز: میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ میری سام دشمنی کی سب سے پہلی یادیں تیس کی دہائی میں جرمنی کی ہيں، جہاں اچانک کئی چیزیں واقع ہونے لگیں۔ ایسی کئی جگہیں تھیں جہاں ہم یہودی ہونے کی وجہ سے نہيں جا سکتے تھے۔ مثال کے طور پر، اس وقت وہاں ایک بڑا سنیما تھا، جہاں شرلی ٹیمپل کی فلمیں لگتی تھیں اور ہم نہيں جا سکتے تھے۔ ہم جس عبادت گاہ میں جاتے تھے وہاں آگ لگا دی گئی تھی۔ ہم وہاں سے گزرتے تھے اور ہم نے آسٹار آف ڈيوڈ کو جلتا دیکھا۔

آپ کو معلوم ہے کہ تعصب غلط اور ظالمانہ ہے، اور اس کے نتیجے میں بہت چوٹ پہنچتی ہے۔ جب میں چھوٹی تھی اور میں اپنے آپ کو آئينے میں دیکھتی تھی، تو مجھے اپنے آپ میں کچھ مختلف نظر نہیں آتا تھا۔ میں شرلی ٹیمپل کو کیوں نہ دیکھ سکوں؟ اس میں کوئی منطق نہيں تھی۔ یہ نہایت احمقانہ بات ہے۔ اور یہ شرلی ٹیمپل سے شروع ہوتا ہے۔ اس کے بعد آپ کو احساس ہوتا ہے کہ اس کا تعلق آپ کے رہنے سہنے کے طریقے، آپ جن کے ساتھ رہتے ہيں، اور آپ کس سے شادی کرسکتے ہیں، اور آپ کہاں کام کرسکتے ہيں، ان سب سے ہے۔ اور یہ بالکل ظالمانہ، اور انسانی وقار کے خلاف ہے، وہ وقار جو ہر شخص چاہتا ہے، اور جس کا وہ اعتراف چاہتا ہے۔

میں ایک وکیل اور جج کی حيثیت سے تمام گروپوں کے لئے منصفانہ معاشرے کی تشکیل کے لئے جو کرسکتی تھی، وہ میں نے کرنے کی کوشش کی۔ میری ہمدردیاں مظلوموں کے ساتھ تھیں، جس ميں سام دشمنی تو شامل تھی ہی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ عمومی طور پر نسل پرستی بھی تھی۔ جج بننے پر آپ سے قانون کو بالادست رکھنے کے حوالے سے حلف اٹھوایا جاتا ہے، اور آپ اسے نظرانداز نہيں کرسکتے ہيں۔ لیکن بات یہ ہے کہ آپ لوگوں کی بات کس طرح سنتے ہيں۔ بات یہ ہے کہ آپ یہ کس طرح یقینی بناتے ہيں کہ جیوری لوگوں کی بات سنے۔ اور یہ ایک بہت اہم کردار ہے جو جج کو ادا کرنا ہوتا ہے۔ میں قانون نافذ اور برقرار رکھنے کی ذمہ داری کو اپنے تجربے پر مبنی اپنی صوابدید کے استعمال کو متوازن رکھنے کی کوشش کرتی تھی۔ اور مجھے لوگوں کو قید میں ڈالنا بہت مشکل لگتا تھا۔ یہ بہت بہت مشکل تھا کیونکہ مجھے قید کیا گیا تھا، نہ صرف یہودی بستی یا حراستی کیمپ میں، بلکہ حقیقی جیلوں میں۔ اور کیونکہ جج کا ریکارڈ جرائم سے آلودہ نہيں ہونا چاہئیے، زیادہ تر امریکی جج کبھی جیل نہيں گئے ہيں، لہذا اس بات نے مجھے مختلف رکھا۔ میرا مطلب ہے، ایسے کئی شعبے ہيں جہاں اس بات کا اثر ہوتا ہے کہ آپ کون ہیں۔

اسٹیریوٹائپ کی بنیاد انفرادی کردار پر نہیں ہوتی۔ بلکہ اس کی بنیاد کسی مخصوص گروپ سے تعلقات ہوتے ہيں۔ آپ لوگوں کے تخمینے میں جو لاتے ہيں، اس کا اس میں اہم کردار ہے۔ کیا آپ یہ تصور کرتے ہیں کہ بعض اقسام کے لوگ ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں اور دوسرے لوگ جھوٹ نہیں بولتے؟ اگر آپ اسٹیروٹائپ استعمال کرتے ہيں تو آپ ایسا کرتے ہيں۔ لیکن اگر آپ ایسا نہيں کرتے ہيں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ انفرادی کردار پر زيادہ انحصار کرتے ہیں۔ الیسا فشمین:

سام دشمی کے خلاف آوازیں یونائیٹڈ اسٹیٹس ھولوکاسٹ میموریل میزیم کی ایک پاڈ کاسٹ سیریز ہے۔ ہماری آج کی دنیا میں مسلسل جاری سام دشمنی کے بارے میں ایک نیا نقطہ نظر سننے کیلئے ہر ماہ یہ سیریز سماعت فرمائیے۔ ہم چاہیں گے کہ آپ اس سیریز کے بارے میں اپنی رائے ہم تک ضرور پہنچائیں۔ براہ مہربانی ہماری ویب سائیٹ www.ushmm.org دیکھئیے اور سام دشمنی کے خلاف آوازیں کے سروے پر کلک کیجئیے۔ آپ ہماری ویب سائیٹ پر وائسز آن جینوسائیڈ پری وینشن بھی سن سکتے ہیں جو موجودہ نسل کُشی کے بارے میں ایک پاڈ کاسٹ سیریز ہے۔