United States Holocaust Memorial Museum
ہالوکاسٹ انسائیکلوپیڈیا
اہم تاریخیں: لوڈز کی یہودی بستی، پولینڈ
8 فروری 1940
لوڈز کے یہودیوں کو یہودی بستی میں جانے کا حکم دے دیا گيا

جرمنوں نے لوڈز کے شمال مشرقی علاقے میں یہودی بستی قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد یہودیوں، یعنی لوڈز کی آبادی کے ایک تہائی سے بھی زيادہ کو شہر کے ایک چھوٹے سے علاقے میں زبردستی بھیج دیا گيا۔ وارسا کے بعد لوڈز کی یہودی آبادی جنگ سے پہلے کے پولینڈ کی دوسری بڑی یہودی آبادی تھی۔ لوڈز کی یہودی بستی کو خار دار تاروں کی باڑوں کے ساتھ باقی شہر سے الگ کردیا گيا۔ یہودی بستی کے علاقے کو دو بڑی سڑکوں کے چوراہے سے تین حصوں میں تقسیم کیا گيا جنہيں یہودی بستی سے باہر رکھا گیا۔ یہودی بستی کے تینوں حصوں کو ملانے کے لئے پل تعمیر کئے گئے۔ لوڈز کی غیر یہودی آبادی کی گاڑیاں یہودی بستی سے گزر تو سکتی تھیں، لیکن انہيں اندر ٹھہرنے کی اجازت نہيں تھی۔ یہودی بستی میں حالات زندگی بھیانک تھے۔ بیشتر علاقے میں پانی یا نکاسی آب کا نظام نہيں تھا۔ کڑی مشقت، بھوک، اور گنجائش سے زيادہ افراد بھردینا عام باتیں تھیں۔

16 جنوری 1942
لوڈز کے یہودیوں کو جلاوطن کر کے چیلمنو کے قتل کے مرکز بھیج دیا گيا

لوڈز کی یہودی بستی سے چیلمنو کے قتل کے مرکز کی جانب یہودیوں کی جلاوطنیاں شروع ہوگئيں۔ جرمنی کی پولیس نے یہودی بستی میں لوگوں کو جمع کرنا شروع کردیا، سینکڑوں یہودیوں کو جلاوطنیوں کے دوران فوری طور پر ہلاک کردیا گيا۔ ان میں سے زيادہ تر تعداد بچوں، عمردراز افراد اور بیمار افراد کی تھی۔ ستمبر 1942 تک ستر ہزار سے زائد یہودیوں اور پانچ ہزار کے قریب روما (خانہ بدوشوں) کو جلاوطن کرکے چیلمنو بھیج دیا گيا جہاں انہیں موبائل گیس کی وینوں میں ہلاک کردیا گيا (یہ ہوا بند خانوں والے ٹرک تھے جو گیس چیمبروں کا کام کرتے تھے)۔

23 جون 1944
جرمنوں نے لوڈز کی یہودی بستیوں سے جلاوطنیوں کا عمل بحال کردیا

ستمبر 1942 اور مئی 1944 کے درمیان لوڈز سے کوئی بڑی جلاوطنیاں نہيں ہوئيں۔ یہودی بستی ایک جبری مشقت کے کیمپ کی مانند تھا۔ 1944 میں بہار کے موسم میں، نازیوں نے لوڈز کی یہودی بستی کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت تک لوڈز پولینڈ کی آخری یہودی بستی تھی اور اس کی آبادی تقریبا 75 ہزار یہودیوں پر مشتمل تھی۔ 23 جون 1944 کو، جرمنوں نے لوڈز سے جلاوطنیوں کا عمل بحال کردیا۔ تقریبا سات ہزار یہودیوں کو چیلمنو جلاوطن کرکے قتل کردیا گيا۔ جلاوطنیاں جولائی اور اگست میں جاری رہیں؛ یہودی بستی کی باقی آبادی میں سے بیشتر کو جلاوطن کرکے اوش وٹز- برکناؤ قتل کے مرکز میں بھیج دیا گيا۔ لوڈز کی یہودی بستی کو ختم کردیا گيا۔

Copyright © United States Holocaust Memorial Museum, Washington, D.C.